نئی دہلی : ہندوستان کے معروف انگریزی اخبار ٹائمز آف انڈیاکے ایک صحافی
نے صحافت کے میدان میں ملنے والا سب سے بڑا رام ناتھ گوئنکا ایوارڈ وزیر
اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں سے لینے سے انکار کردیا ۔ خیال رہے کہ گزشتہ دو
نومبر کو ایک تقریب میں صحافیوںکو اس ایوارڈ سے نوازا گیا تھا ۔ وزیر اعظم
مودی اس پروگرام کے مہمان خصوصی تھے اور انعام انہیں کے ہاتھوں دیا گیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے صحافی اکشے مکل نے ایک ویب سائٹ سے بات چیت کرتے ہوئے
کہا کہ 'رام ناتھ گوئنکا ایوارڈ پا کر میں فخر محسوس کر رہا ہوں ، لیکن
نریندر مودی کے ہاتھوں سے میں یہ ایوارڈ نہیں لے سکتا۔ اکشے مکل کو یہ
ایوارڈ ان کی کتاب گیتا پریس اینڈ دی میکنگ آف ہندو انڈیا کے لئے دیا گیا
تھا۔ ان کی جانب سے یہ انعام کتاب کے پبلیشرہارپر کولنز انڈیا کے چیف
ایڈیٹر کرشن چوپڑا نے حاصل کیا۔ قبل ازیں نیوز میگزین کارواں سے بات چیت میں مکل نے کہا تھا کہ 'مودی اور
میں ایک ساتھ ایک فریم میں موجود ہونے کے خیال کے ساتھ میں زندگی نہیں گزار
سکتا۔ ان کو صرف ایوارڈ دینے والی شخصیت سے پرہیزہے۔ خیال رہے کہ رام ناتھ
گوئنکا ایوارڈ تقریب میں صدارت اکثر وزیر اعظم، نائب صدر، صدر جمہوریہ یا
ملک کے چیف جسٹس کرتے ہیں۔ یہ ایوارڈ انڈین ایکسپریس گروپ کی طرف سے اس کے
بانی رام ناتھ گوئنکا کی یاد میں دیا جاتا ہے۔